نئی دہلی، 19/ جنوری (آئی این ایس انڈیا /ایس او نیوز) مسلم وفدنے آج جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔وفد نے مجموعی ترقی، سماجی و اقتصادی اور تعلیمی اقلیتوں سمیت معاشرے کے تمام طبقوں کو بااختیار بنانے کے لئے مرکزی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔وفدنے ہندوستان سے عازمین حج کی تعداد میں اضافہ کرنے کے لئے سعودی حکومت کے فیصلے کی تعریف کی اور کامیابی کے ساتھ اسے انجام دینے کیلئے وزیراعظم کا شکریہ اداکیا۔وفدنے بیک زبان وزیراعظم کی طرف سے بدعنوانی اور کالے دھن کے خلاف شروع کی گئی مہم کی حمایت کی۔وفد نے اتفاق کیا کہ بدعنوانی کے خلاف جنگ سے اقلیتی کمیونٹی سمیت غریب لوگوں کو فائدہ ہو گا۔
وفدنے دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششوں کے لئے وزیر اعظم کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ آج دنیا کے ہر کونے میں ہر ہندوستانی فخر کے جذبے سے سرشارہے۔وفد کے ارکان نے بھی سوچھ بھارت کی ان کی کوششوں کے لئے وزیر اعظم کی تعریف کی۔

وزیر اعظم نے کہاکہ ہندوستان کے نوجوانوں نے کامیابی کے ساتھ بنیاد پرستی کے خلاف مزاحمت کی ہے، جو آج دنیا کے کئی حصوں کو متاثر کرچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کا کریڈٹ اپنی عوام کی طویل ور مشترکہ ورثے کے پاس جانا چاہئے انہوں نے کہا کہ اب اس ورثے کوآگے لے جانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ثقافت، روایات اور ہندوستان کے سماجی تانے بانے کو سبوتازکرنے کے دہشت گردوں یا ان کے ا سپانسرز کے مذموم عزائم کی اجازت کبھی نہیں دی جائے گی۔وزیراعظم نے غربت سے خاتمہ، تعلیم اور مہارت کی ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔ہندوستان کے عازمین حج کی تعداد میں اضافہ کرنے کے اپنے فیصلے کے لئے سعودی عرب کی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ہندوستانی مسلمانوں کی ایک مثبت تصویر کو بیرون ملک میں پہنچانے پر زور دیا۔
وفد کے ارکان میں صدرآل انڈیاتنظیم ائمہ مساجد امام عمیراحمدالیاسی،علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائر)ضمیرالدین شاہ، سپریم کورٹ کے سابق جج ایم وائی،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر طلعت احمداور شاہد صدیقی وغیرہ شامل تھے۔اقلیتی امور کے مرکزی وزیر اور پارلیمانی امورکے وزیرمملکت مختار عباس نقوی اوروزیر مملکت برائے امورخارجہ ایم جے اکبر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
